میرواعظ عمر فاروق کی آ ٓٓسٹریلیا کے سہہ رکنی وفد سے ملاقات

  سرینگر  25  // کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے سانحہ شوپیاں میں ملوث مجرموں کو فوراً پیش کرنے اور اس ضمن میں مجلس مشاورت شوپیاں کے احتجاجی پروگرام کی مکمل حمایت کرتے ہوئے 26جون بروز جمعہ پوری وادی میں گزشتہ ایک ماہ سے سراپا احتجاج اہلیان شوپیاں کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی جامع مسجد سرینگر میں جناب میرواعظ کی پیشوائی میں سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوگا ۔ جناب میرواعظ نے وادی کشمیر کی جملہ ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خطبات میں اس سانحہ میں ملوث مجرموں کو فوراً پیش کرنے اور بعد ازنماز جمعہ اس سلسلے میں پر امن احتجاج کریں۔

 

 

 

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے آج آسٹریلیا کے وزیر اعظم کے مشیر برائے جنوب ایشیا مسٹر مائیکل ہلمن کی قیادت میں آسٹریلیا کے سہہ رکنی وفد سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ جناب میرواعظ نے جن کے ساتھ اس ملاقات کے دوران سینئر حریت رہنما جناب پروفیسر عبدالغنی بٹ اور جناب بلال غنی لون بھی موجود تھے نے آسڑیلوی وفد کو مسئلہ کشمیرکے تاریخی پس منظر اور اس مسئلہ کے حل کے سلسلے میں حریت کانفرنس کے اصولی موقف اور سیاسی و سفارتی سطح پر کی جارہی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر جناب میرواعظ نے وفد کو مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے حریت کانفرنس کی طرف سے تیار کردہ اعتماد سازی کے پانچ نکاتی پروگرام سے متعلق بھی تفصیل سے آگاہ کیا اور یرینہ تنازعہ کے حل کے سلسلے میں سر ڈِکسن جو آسٹریلیا کے رہنے والے تھے سے منصوب ڈکسن پلان کے خد و خال پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ جناب میرواعظ نے کشمیر سے کالے قوانین کے خاتمے ، کشمیر سے مکمل فوجی انخلاسالہاسال سے قید و بند میں مبتلا کشمیریوں کی غیر مشروط اور رہائی ،سرکاری فورسز کی طرف سے کی جارہی حقوق انسانی کی بدترین پامالیوں پر روک لگانے اور ضمن میں عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیا۔ جناب میرواعظ نے وفد کو حالیہ المناک شوپیاں سانحہ کی تفصیل اور اس سانحہ کے سلسلے میں شوپیاں کی مجلس مشاورت کی رپورٹ پیش کی۔
دریں اثنا جناب میرواعظ نے جموں کشمیر کی ایک سرکردہ سیاسی شخصیت آنجہانی رام پیارا صراف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی صراف روز اول سے ہی کشمیر کاز اور تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کے وکیل رہے ہیں۔ صراف صاحب پوری زندگی میںمسئلہ کشمیر کی سہہ فریقی حثیت کو اجاگر کرتے ہوئے کشمیریوں کے بنیادی فریقانہ حثیت اور پاکستان کومسئلہ کشمیر کا تاریخی فریق قرار دیتے رہے۔ جس کے لئے ہندوں بنیاد پرستوں کی تنقید کا نشانہ بھی بنتے رہے۔ اس سلسلے میں حریت کا ایک وفد عنقریب سانبہ جاکر آنجہانی صراف صاحب کے لواحقین سے تعزیت بھی کرے گا۔ جناب میر واعظ نے جموں کٹرہ سڑک حادثہ میں قیمتی جانوں کے زیاں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ میرواعظ نے ناقص ٹریفک انتظام کی بھی مذمت کی ۔