شہید ڈاکٹر قاضی نثار احمد اور مولانا ہمدانی کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت

                                                                                                                                     

                                                                                                                                  -Srinagar, June 21

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین جناب میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق نے وادی کشمیر کے سرکردہ عالم دین اور سکالر شہید ڈاکٹ ر قاضی نثار احمد اور   جیدعالم دین اور نامور اسلامی شخصیت مرحوم مولانا محمد یاسین ہمدانی کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت اد اکرتے ہوئے ان کی علمی ، سیاسی ، مذہبی اور سماجی سطح پر خدمات کو ملت کشمیر کا گراں بہا سرمایہ قرار دیا ۔

 جناب میرواعظ جو گزشتہ تین ہفتوں سے مسلسل اپنے گھر میں نظر بند ہیں نے ایک بیان میں کہا کہ شہید ڈاکٹر قاضی نثار نے جہاں اپنی پوری زندگی ایک عظیم مشن کےلئے وقف کی تھی اوراسی مشن کے حصول کی راہ میں شہادت کے منصب پر بھی فائض ہوئے وہیں مولانا محمد یاسین ہمدانی نے اپنے وعظ و تبلیغ کے ذریعے نہ صرف دین اسلام کی ترویج میں گراں قدر خدمات انجام دیں بلکہ اپنے ساٹھ سال کے طویل علمی سفر میں ریاست کے طول و عرض میں پھیلی مساجد زیارت گاہوں اور خانقاہوں کی تعمیر و تجدید میں بھی ایک اہم رول ادا کیا۔ جناب میرواعظ نے کہا کہ ڈاکٹر نثار نہ صرف ایک بلند پایہ عالم دین اور سکالر تھے بلکہ ان کی سیاسی معاملہ فہمی تدبر اور دور اندیشی ان کو اپنے ہم عصر قائدین میں ممتاز مقام عطا کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد نے رواں جدوجہد آزادی کو ایک با معنی جہت عطا کرنے اور اتحاد بین المسلمین کی مشعل کو فروزاں کرنے کےلئے ایک تاریخ ساز رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ دونوں بزرگ اور بلند پایہ شخصیات ہمارے درمیان نہیں ہے تاہم ان کے مشن کی تکمیل ہمارا قومی اور ملی فریضہ ہے۔
دریں اثنا حریت ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین جناب میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی اور ان کی سیاسی ، تحریکی اور مذہبی سرگرمیوں پر قدغن کو جمہوریت کے دعویداروں کے غیر جمہوری اورغیر انسانی طرز عمل کے ساتھ ساتھ لسانی آزادی کو سلب کرنے کے مترادف قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ ایک منصوبہ بند پروگرام کے تحت حریت چیرمین کو گھر میں نظر بند کر کے پوری کشمیری قوم کو اپنی ترجمان قیادت سے دور رکھنے کی مذموم کوششیں ان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔